اسلام آباد: پاکستان ائیر فورس کا ایک سکواڈرن مشترکہ دفاعی تعاون کے تحت سعودی عرب پہنچ گیا ہے، جس کی تصدیق سعودی وزارتِ دفاع نے کر دی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق پاکستانی فضائیہ کا یہ دستہ مملکت کے مشرقی صوبے میں قائم کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر تعینات کیا گیا ہے۔ اس سکواڈرن میں لڑاکا اور معاون طیارے شامل ہیں۔
سعودی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ تعیناتی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی دفاعی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کا مظہر ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ہم آہنگی اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
بیان کے مطابق اس اقدام سے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال پائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ تعیناتی اسلام آباد میں جاری اہم سفارتی سرگرمیوں اور ایران و امریکا کے درمیان مذاکرات کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات موجود ہیں اور دونوں ممالک کی افواج باقاعدگی سے مشترکہ مشقیں اور تعاون جاری رکھتی ہیں۔