سیالکوٹ کے علاقے تھانہ حاجی پورہ کی حدود میں واقع ایک پٹرول پمپ پر معمولی تلخ کلامی کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پٹرول پمپ پر لگی لمبی قطاروں کے باعث ہونے والے تنازع سے شروع ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پٹرول پمپ کے ملازمین اور ایک کار سوار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں شدت اختیار کر گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران پٹرول پمپ کے ملازمین نے مبینہ طور پر کار سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر کار سوار نے طیش میں آ کر مبینہ طور پر پستول سے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ واقعہ میں ملوث ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔