قطر کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملکی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی پر فوری ردعمل دیتے ہوئے دو ایرانی جنگی طیاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ایرانی ساختہ سوکھوئی ایس یو-24 طیارے قطری حدود کی جانب بڑھ رہے تھے اور انہیں پیشگی انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا۔
وزارتِ دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے سات بیلسٹک میزائل اور پانچ ڈرون بھی فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے اور کوئی بھی ہدف تک نہیں پہنچ سکا۔ قطری حکام نے اس پیش رفت کو ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ناگزیر اقدام قرار دیا ہے۔
قطر نے سرحدی خلاف ورزی کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک عمل قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کو اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، خصوصاً حالیہ حملوں کے تناظر میں۔
یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے اور مختلف ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔




