آنکھ کا علاج،عمران خان فالو اپ کیلئے پمز منتقل کردیا گیا۔بانی پی ٹی آئی کو آنکھ کے علاج کے سلسلے میں فالو اپ کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹرل انجیکشن کی دوسری خوراک دی گئی۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق 74 سالہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے علاج کی غرض سے پمز لایا گیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کا کہنا ہے کہ مریض کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا۔
کارڈیالوجی کنسلٹنٹ کی جانب سے ایکوکارڈیوگرافی اور ای سی جی ٹیسٹ کیے گئے جو نارمل رپورٹ ہوئے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسپتال میں قیام، پروسیجر کے دوران اور بعد میں مریض کے وائٹل سائنز مستحکم رہے۔
طبی اعلامیے کے مطابق پروسیجر پمز اور شفا آئی اسپتال کے کنسلٹنٹ ماہرینِ چشم اور وائٹریو ریٹینل سرجن کی نگرانی میں ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا۔ عمل سے قبل اسپیشلسٹس کے بورڈ نے بھی تفصیلی معائنہ کیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضروری ہدایات، فالو اپ مشوروں اور ادویات کے نسخے فراہم کرنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ڈسچارج کر دیا گیا۔
