پنجگور،فائرنگ سے6افراد جاں بحق ہوگئے-پنجگور کے سرحدی علاقے چیدگی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ پنجگور شہر سے تقریباً 60 کلو میٹر دور چیدگی کے علاقے دستک میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
قائم مقام ایس پی پنجگور امیر جان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے جائے وقوعہ پر کھڑی دو گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں سے دو کی شناخت داؤد اور سالم کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق سرحدی گاؤں نکر سے بتایا جاتا ہے، جبکہ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔