ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے اعتراف کیا ہے کہ حریف ٹیم نے ہر شعبے میں بہتر کھیل پیش کیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا اور اس کارکردگی کے بعد ڈریسنگ روم میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق دوسری اننگز میں گیند پہلی اننگز کے مقابلے میں زیادہ سلپ ہوئی، جس سے بیٹنگ مزید مشکل ہوگئی۔
ہیڈکوچ نے کہا کہ ایشان کشن کی عمدہ اننگز میچ کا رخ موڑنے کا سبب بنی، انہوں نے ہمارے اسپنرز پر دباؤ ڈالا اور کھیل ہم سے دور لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا کیونکہ ابتدائی اوورز میں گیند زیادہ اسپن ہو رہی تھی۔
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ ہماری بیٹنگ توقعات کے مطابق نہ رہی، ابتدائی وکٹیں جلد گرنے سے مضبوط پارٹنرشپ قائم نہ ہو سکی۔ ان کے بقول ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے ٹیم کو ہر شعبے میں مزید بہتری لانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم گزشتہ دو ماہ سے اچھی کارکردگی دکھا رہی تھی، تاہم اس میچ میں ہم مطلوبہ معیار برقرار نہ رکھ سکے۔