پاکستان،بنگلادیش اور آئی سی سی کے مذاکرات ختم-لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی1 سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، اور ذرائع کے مطابق اگلے 24 گھنٹے کے دوران بڑے بریک تھرو کے امکانات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان بات چیت پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیا اور بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے کے لیے ایک فارمولہ تیار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان تجاویز کا تبادلہ ہوا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے باہمی رابطہ کار کے فرائض انجام دیے۔ آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے تجاویز کی حتمی منظوری لینے کے لیے واپس روانہ ہو گئے، اور بنگلادیش بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی اپنی حکومت کو بریف کرنے کے لیے واپس جا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق باہمی فارمولے پر اتفاق کے بعد آج دوپہر آئی سی سی اور بی سی بی کا دوبارہ رابطہ ہوگا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں اپنی ٹیم کے لیے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔ اس کے بعد بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا، لیکن آئی سی سی نے بنگلادیش کو ایونٹ سے خارج کر کے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
پاکستان نے آئی سی سی کے اس اقدام کو دہرا معیار قرار دیتے ہوئے بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، جس نے کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی۔
