کراچی:قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی باوقار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ملک بھر میں آج قائداعظم کا یومِ پیدائش قومی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے بابائے قوم کو سلامی پیش کی، جبکہ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس موقع پر عسکری نظم و ضبط اور قومی وقار نمایاں نظر آیا۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری (ہلالِ امتیاز) تھے، جنہوں نے مزارِ قائد پر فاتحہ خوانی کی اور قائداعظم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یومِ ولادتِ قائداعظم کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور سرکاری و غیر سرکاری اداروں، تعلیمی اداروں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے خصوصی تقریبات، سیمینارز اور دعائیہ اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان پروگراموں میں قائداعظم کے افکار، جدوجہد اور پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔