بنوں،شادی تقریب میں فائرنگ،3 افراد جاں بحق،8زخمی۔دورانِ رقص خواجہ سرا کو چھیڑنے پر دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جو فائرنگ میں تبدیل ہو گئی۔
بنوں: ضلع بنوں کے علاقے نار جعفر میں شادی کی خوشیاں اس وقت ماتم میں بدل گئیں جب شادی کی تقریب کے دوران دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق رات گئے شادی کی تقریب میں موسیقی اور رقص جاری تھا کہ دورانِ رقص خواجہ سرا کو چھیڑنے پر دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی جو فائرنگ میں تبدیل ہو گئی۔
دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 3 افراد جان سے گئے جبکہ 8 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔
