تنگوانی میں خوفناک حادثہ،کوچ الٹنے سے 5 افراد جاں بحق
تنگوانی میں خوفناک حادثہ،کوچ الٹنے سے 5 افراد جاں بحق
تنگوانی میں خوفناک حادثہ، کوچ الٹنے سے 5 افراد جاں بحق- سندھ کے علاقے تنگوانی تھانے کی حدود میں صیفل کے مقام پر تیز رفتار مسافر کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کوچ ٹھل سے لاہور جا رہی تھی اور اس میں تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد سوار تھے۔ حادثے کے فوراً بعد 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شدید زخمی نے اسپتال میں دم توڑ دیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوں کو تنگوانی اسپتال منتقل کیا، جہاں واقعے کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ حادثے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔
