دنیا بھر میں ChatGPT، Claude اور Grok کی سروسز بیک وقت متاثر

کسی ایک AI پلیٹ فارم کی عارضی بندش غیر معمولی بات نہیں، تاہم دنیا کے بڑے AI ماڈلز کا ایک ہی وقت میں متاثر ہونا قابلِ توجہ صورتحال ہے۔

دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے معروف پلیٹ فارمز کی سروسز ایک ہی وقت میں تکنیکی خرابی کا شکار ہوگئیں، جس کے باعث صارفین کو AI سروسز کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انٹرنیٹ سروسز کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈٹیکٹر کے مطابق OpenAI کے ChatGPT، Anthropic کے Claude اور xAI کے Grok کی سروسز میں تعطل کی رپورٹس سامنے آئیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق کسی ایک AI پلیٹ فارم کی عارضی بندش غیر معمولی بات نہیں، تاہم دنیا کے بڑے AI ماڈلز کا ایک ہی وقت میں متاثر ہونا قابلِ توجہ صورتحال ہے۔

رپورٹس میں Google Gemini کی سروس میں بھی ممکنہ خلل کا ذکر کیا گیا، تاہم گوگل کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ طور پر سروس بند ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

Anthropic کے سسٹم ڈیش بورڈ پر Claude کے بعض ماڈلز، جن میں Opus 4.8 اور Opus 5 شامل ہیں، میں خرابی کی نشاندہی کی گئی، جبکہ کمپنی کے مطابق دیگر ماڈلز کی کارکردگی معمول کی سطح پر واپس آچکی ہے۔

دوسری جانب OpenAI کے سسٹم اسٹیٹس کے مطابق ChatGPT اور Codex کو بھی مسلسل زیادہ شرح سے ایررز کا سامنا رہا۔

xAI نے بھی Grok میں تکنیکی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ماہرین خرابی دور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

اس صورتحال میں Microsoft Azure کی کلاؤڈ سروسز بھی متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ چونکہ متعدد AI پلیٹ فارمز اپنے انفراسٹرکچر کے لیے کلاؤڈ سروسز پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ Azure میں پیدا ہونے والی خرابی نے مختلف AI سروسز کو بیک وقت متاثر کیا ہو۔

تاہم متعدد AI پلیٹ فارمز کی بیک وقت بندش کی حتمی وجہ کے بارے میں متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے مکمل اور باضابطہ وضاحت سامنے آنا باقی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes