ترکیے کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترقی پذیر ممالک پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدے پورے کریں۔ انہوں نے صاف توانائی کے اہداف کے حصول کے لیے عالمی مالی معاونت میں اضافے اور سستی ٹیکنالوجی کی فراہمی کو ناگزیر قرار دیا۔
’2035 تک گرین انرجی پر منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘ کے عنوان سے منعقدہ اجلاس میں شہباز شریف نے پاکستان کی توانائی پالیسی اور صاف توانائی کی جانب منتقلی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کے توانائی نظام میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انطالیہ روانگی سے قبل پاکستان کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا، جو قومی گرڈ میں 1200 میگاواٹ بجلی شامل کرے گا۔
شہباز شریف کے مطابق نئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں سے 30 فیصد کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے کم ٹیرف سمیت مختلف مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے خریدی جانے والی تمام بسیں اور موٹر سائیکلیں الیکٹرک ہوں گی، جبکہ رواں سال پاکستان میں فروخت ہونے والی ہر 10 موٹر سائیکلوں میں سے ایک سے زائد الیکٹرک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن اخراج والے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر جبکہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کی جگہ شمسی توانائی کے منصوبے متعارف کرانے کے لیے مزید 50 ارب ڈالر درکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو وسعت دینے، توانائی ذخیرہ کرنے کے قابل اعتماد نظام قائم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کو عام استعمال کے لیے قابل برداشت بنانے پر بھی بھاری سرمایہ کاری درکار ہے، جس کا بوجھ قرضوں میں جکڑی معیشت اکیلے برداشت نہیں کر سکتی۔
شہباز شریف نے عالمی شراکت داروں پر زور دیا کہ پاکستان کو رعایتی شرائط پر مالی معاونت فراہم کی جائے اور جدید ٹیکنالوجی کی سستی منتقلی میں سہولت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف توانائی کے اہداف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی وسائل کی فراہمی کے بغیر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔
وزیراعظم کے مطابق 2035 تک 35 فیصد کا ہدف اسی صورت ممکن ہے جب رعایتی سرمایہ کاری اور سستی ٹیکنالوجی دستیاب ہو۔ عالمی برادری کو ایسا ترقیاتی ماڈل اپنانا چاہیے جس میں معاشی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن برقرار رہے۔
انہوں نے کہا کہ ممالک کو اپنے عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور معیشتوں کو ترقی دینے کا حق حاصل ہے، تاہم اس عمل میں ماحول اور کرہ ارض کو نقصان سے بچانا بھی ضروری ہے۔





