جہلم میں پاکستان آرمی رائفلز ایسوسی ایشن کے 46ویں مرکزی شوٹنگ مقابلوں کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں موجود تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شوٹنگ کے یہ مقابلے 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہے، جن میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز کے ماہر نشانہ بازوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے دوران مختلف مقابلوں اور کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت ایک پیشہ ور فوجی کی بنیادی پہچان ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت کو فوجی تربیت کا لازمی حصہ برقرار رکھا جانا چاہیے۔





