پاکستان نے3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کردیئے
پاکستان نے3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کردیئے
پاکستان نے3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کردیئے-پاکستان نے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں واپسی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر مالیت کے نئے بین الاقوامی یورو بانڈز جاری کردیئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک ہی مرتبہ جاری کیا جانے والا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ ہے۔ بانڈز کے اجرا کے لیے عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا اور پیشکش کے مقابلے میں تقریباً دو گنا طلب موصول ہوئی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یورو بانڈز کے اجرا سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ حاصل ہوگی، جسے حکومت اپنی بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے رواں سال اس سے قبل بھی 50 کروڑ ڈالر مالیت کا یورو بانڈ جاری کیا تھا، جبکہ موجودہ بانڈ دو مختلف مدتوں میں جاری کیے گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر حاصل ہوئے، جس پر 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح 10 سالہ یورو بانڈ سے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے گئے، جس کا کوپن ریٹ 7.90 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عالمی سرمایہ کاروں کی نمایاں شرکت پاکستان کی معیشت پر بحال ہوتے اعتماد کی علامت ہے۔ وزارت خزانہ نے اسے پاکستان کی عالمی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ بانڈ پہلی مرتبہ نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ حکومت کی حکمت عملی کا مقصد قرضوں کے بہتر انتظام، طویل مدتی فنانسنگ اور مستقبل میں ری فنانسنگ و رول اوور کے خطرات کو کم کرنا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ریکارڈ حجم کے یورو بانڈ کے اجرا سے پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی مزید مستحکم ہوئی ہے اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کے آثار نمایاں ہوئے ہیں۔
