مریدکے موٹروے پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کو حادثہ،2 اہلکار شہید،3 زخمی-سیالکوٹ موٹروے پر مریدکے انٹرچینج کے قریب ایلیٹ فورس جہلم کی گاڑی کا ٹائر پھٹنے سے حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق ایلیٹ فورس کے اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے سلسلے میں لاہور جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد لاہور کے میو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس حلقوں میں دکھ اور افسوس کی فضا ہے۔ شہید اہلکار اصغر علی کے لیے دعائے مغفرت جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔
اس افسوسناک حادثے کے بعد پولیس کی گاڑیوں کی حالت اور دیکھ بھال کا معاملہ بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پولیس وینز اور دیگر سرکاری گاڑیوں کی بروقت مرمت، ٹائروں کی تبدیلی اور تکنیکی معائنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ ڈیوٹی کے دوران اہلکاروں کی جانوں کو لاحق خطرات کم کیے جاسکیں۔





