پشاور اسکول سانحہ:جاں بحق بچوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان-خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ کے لیے 10، 10 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 2، 2 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے سانحے کے بعد اسکول کا دورہ کیا اور واقعے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چار روز میں تحقیقات مکمل کی جائیں گی اور معاملے کو محض انکوائری تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ خستہ حال عمارت کو گزشتہ دورِ حکومت میں این او سی کس نے جاری کیا تھا۔ گورنر کے مطابق تحقیقات میں جو بھی ذمہ دار پایا گیا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں اسکولوں کی عمارتوں کا آڈٹ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں کسی بھی سطح پر غفلت ثابت ہوئی تو متعلقہ افراد کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔
گورنر نے مزید بتایا کہ اسکول کے مالک سے لے کر متعلقہ سرکاری محکموں تک تمام ذمہ داران کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کے اسباب کا تعین کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ e





