یمن میں سعودی اتحاد کا 324 اہداف نشانہ بنانے کا دعویٰ

یمن میں ہونے والے آپریشن میں 100 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا-یمن میں سعودی اتحاد کا 324 اہداف نشانہ بنانے کا دعویٰ

یمن میں سعودی اتحاد کا 324 اہداف نشانہ بنانے کا دعویٰ-سعودی اتحاد نے یمن میں حوثی عناصر کے خلاف جاری فوجی کارروائی کے دوران 324 اہم اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

سعودی اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن میں ہونے والے آپریشن میں 100 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا، جبکہ آبنائے باب المندب کے لیے فضائی تحفظ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق یمن میں موجود زمینی فورسز کو فضائی معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور کارروائی کے دوران مختلف اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب یمنی سرکاری فوج کے ترجمان نے حوثیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن ’فجر الیمن‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یمنی فوج کے ترجمان کے مطابق سرکاری فورسز نے آبنائے باب المندب پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ ذوباب میں موجود حوثی عناصر سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یمنی حکومتی فورسز کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ماجد عبداللہ النزیلی نے دعویٰ کیا کہ حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کے خلاف 1122 حملوں کے دوران 1747 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں حوثیوں کے مورچوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔