حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب،تحریری معاہدے کی تیاری شروع

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب-تینوں فریقین کے درمیان اتفاق رائے قائم ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب،تحریری معاہدے کی تیاری شروع-وفاقی حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کامیابی سے مکمل ہوگیا، جس کے بعد تینوں فریقین کے درمیان اتفاق رائے قائم ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اسپیکر ایاز صادق کی ثالثی میں حکومت، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور فریقین ایک مشترکہ نتیجے پر پہنچ گئے ہیں۔

مذاکرات میں حکومتی وفد کی قیادت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تحریری معاہدے کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے، جسے حتمی شکل دینے کے بعد فریقین کی جانب سے دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اسپیکر ایاز صادق نے اہم کردار ادا کیا۔ بات چیت کے دوران بعض مواقع پر ماحول کشیدہ بھی ہوا، تاہم اسپیکر کی مداخلت سے فریقین کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کیا جاتا رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف مراحل میں اختلافات کے باوجود حکومت، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے رہنما بات چیت جاری رکھنے پر متفق رہے اور بالآخر اتفاق رائے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

مذاکرات کے بعد حکومت، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے اسپیکر کے چیمبر کے باہر میڈیا سے گفتگو کیے جانے کا امکان ہے، جہاں مذاکرات کی تفصیلات اور طے پانے والے نکات سے آگاہ کیا جائے گا۔