سعودی عرب کی اہم تیل بندرگاہ کے تحفظ کیلئے فرانس میدان میں آگیا

سعودی عرب کی اہم تیل بندرگاہ کے تحفظ کیلئے فرانس میدان میں آگیا-فوجی اہلکاروں، ریڈارز اور دفاعی نظام کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب کی اہم تیل بندرگاہ کے تحفظ کیلئے فرانس میدان میں آگیا-سعودی عرب کی ینبع بندرگاہ کے تحفظ کیلئے فرانس فوجی وسائل تعینات کرے گا

فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی اہم بندرگاہ ینبع اور وہاں موجود تیل کی تنصیبات کے تحفظ کیلئے فرانسیسی فوجی وسائل تعینات کیے جائیں گے۔

فرانسیسی صدر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سعودی حکام سے مشاورت کے بعد ینبع میں فوجی اہلکاروں، ریڈارز اور دفاعی نظام کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع ینبع سعودی عرب کیلئے تیل کی ترسیل کے حوالے سے انتہائی اہم بندرگاہ ہے، جہاں سے روزانہ لاکھوں بیرل تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ حالیہ حملوں کے باعث اس تنصیب کو نقصان بھی پہنچا ہے۔

ایمانوئل میکخواں نے واضح کیا کہ فرانس کی جانب سے فوجی وسائل کی تعیناتی کا مقصد کسی جنگ یا عسکری تنازع میں براہ راست حصہ لینا نہیں بلکہ اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کیلئے سفارتی کوششوں کو بھی جاری رکھے گا۔ اس سلسلے میں ایران اور عمان کے ساتھ مذاکرات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

فرانسیسی صدر کے مطابق خطے میں کشیدگی بڑھنے کے باوجود سفارت کاری ہی پائیدار حل کا راستہ ہے، جبکہ فرانس توانائی کی فراہمی اور عالمی جہاز رانی کے اہم راستوں کے تحفظ کیلئے سیاسی و سفارتی اقدامات کو ترجیح دے گا۔