این آئی سی ایچ نرسری میں نومولود بچوں کو خطرہ

این آئی سی ایچ نرسری میں ویلڈنگ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد نومولود بچوں کی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں، پمز آتشزدگی کے بعد انتظامیہ کی غفلت عیاں۔

این آئی سی ایچ نرسری میں نومولود بچوں کی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ پمز اسپتال کی نرسری میں ہونے والی حالیہ آتشزدگی کے بعد اب این آئی سی ایچ میں بھی ویلڈنگ کا کام جاری ہے جو انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص این آئی سی ایچ کی نرسری کے اندر ویلڈنگ کر رہا ہے۔ یہ عمل اس وقت کیا جا رہا ہے جب وہاں کمزور اور بیمار نومولود بچے زیرِ علاج ہیں، جن کے لیے چنگاری یا دھواں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

پمز اسپتال کی نرسری میں پہلے ہی آتشزدگی کا واقعہ پیش آ چکا ہے جس نے طبی حلقوں اور عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپتالوں کی نرسریوں جیسے حساس مقامات پر ویلڈنگ جیسے خطرناک کاموں سے سختی سے گریز کیا جانا چاہیے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

عوامی حلقوں اور طبی ماہرین نے اسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ این آئی سی ایچ نرسری میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کا فوری نوٹس لیا جائے۔