کوٹلی میں ا من و امان کی صورتحال کے تناظر میں ڈی سی اور ایس پی معطل-آزاد جموں و کشمیر حکومت نے ضلع کوٹلی میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اہم انتظامی فیصلے کرتے ہوئے متعدد افسران کے تقرر، تبادلوں اور معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوٹلی عمران شاہین اور سپرنٹنڈنٹ پولیس عدیل احمد کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ دونوں افسران کے خلاف باضابطہ انکوائری شروع کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری احکامات کے تحت ڈپٹی چیف سیکریٹری عثمان صارم کو ضلع کوٹلی کا نیا ڈپٹی کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے تاکہ انتظامی امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
اسی نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ داخلہ کے ڈپٹی سیکریٹری یاسر ریاض کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں چیف سیکریٹری آفس میں ڈپٹی سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ انتظامی تبدیلیاں ضلع کوٹلی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے، انتظامی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور سرکاری امور کی نگرانی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے کی گئی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔
