ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ،15 اہلکار شہید،جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد ہلاک- خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے خودکش حملے میں 15 اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی میں حملے میں ملوث 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کرتے ہوئے سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم وہاں تعینات اہلکاروں نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
بیان کے مطابق شدید مزاحمت کے بعد حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شہید ہوگیا، جبکہ کارروائی کے دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی قربانیاں قومی سلامتی اور وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
