پاکستان میں جدید اسکائی47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اسکائی47 ڈیٹا سینٹر "قراقرم ون” کا باضابطہ افتتاح کر دیا،
جسے پاکستان میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اسکائی47 قراقرم ون کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل سروسز کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا، جبکہ یہ مصنوعی ذہانت (AI)، مشین لرننگ (Machine Learning) اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کو پاکستان کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی مختصر مدت میں اس جدید ڈیٹا سینٹر کی تکمیل قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر متعلقہ اداروں، ماہرین اور شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری ملک کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے اور ایسے منصوبے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی، معاشی استحکام اور قومی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد، مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے بڑے سے بڑا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکائی47 جیسے منصوبے پاکستان کے ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود انحصاری کو فروغ دیں گے اور قومی سطح پر جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی میں معاون ثابت ہوں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اسکائی47 ڈیٹا سینٹر کا افتتاح پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کے مطابق جدید ڈیٹا انفراسٹرکچر سے ملک میں ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ ملے گا، جبکہ ڈیٹا پر مبنی فیصلوں، اختراعات اور معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کی عالمی معیشت میں مصنوعی ذہانت، محفوظ ڈیٹا اور جدید کمپیوٹنگ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، اور پاکستان اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
