قومی اتحاد اور استقامت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،فیلڈ مارشل-فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے قومی اتحاد، استقامت اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، جبکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی یکجہتی، امن اور ترقی سے متعلق اہم امور پر اظہارِ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور قدرتی وسائل سے مالا مال ایک اہم صوبہ ہے، تاہم اس کی اصل طاقت وہاں کے باہمت، محب وطن، ثابت قدم اور متحرک عوام ہیں، جو ملکی ترقی اور استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں اور عوام کی مکمل حمایت سے صوبے میں پائیدار امن یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور قوم کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ملک دشمن عناصر کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کو قومی سلامتی، بلوچستان کی ترقی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ اس موقع پر قومی یکجہتی، امن اور پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
