اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی کارروائیاں سمندری تجارت، جہاز رانی کی آزادی اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
شہباز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ وہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور اہم بحری تجارتی راستوں پر محفوظ اور بلا تعطل نقل و حمل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت، دونوں ممالک کے مضبوط برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
