پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر ان کے لیے پنجاب کی طرح اہم ہے اور اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنتی ہے تو خطے کی ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر ان کا دوسرا گھر ہے اور وہ یہاں کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کی صورت میں وہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں گے۔
نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں آزاد کشمیر کا بجٹ بڑھایا گیا تھا، جبکہ مستقبل میں مزید بڑے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں موٹروے طرز کے منصوبوں، گرین بس سروس اور موبائل اسپتالوں کے قیام کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کو پنجاب کے منصوبوں کی طرز پر آگے بڑھایا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
