افغانستان کے شمال مشرقی صوبے نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں کم از کم 20 افراد جان کی بازی ہار گئے، 80 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ 100 سے زیادہ افراد لاپتا ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلوں نے صوبائی دارالحکومت پارون اور گرد و نواح کے علاقوں کو بری طرح متاثر کیا، جہاں متعدد مکانات، ہوٹل، دکانیں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا۔ کئی مقامات پر سڑکیں بھی متاثر ہونے سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
افغان ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق امدادی اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں۔ اب تک متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی طبی مراکز میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق پارون شہر کے دریا کنارے قائم بازار کو شدید نقصان پہنچا ہے، جہاں سیلابی پانی کے اترنے کے بعد ملبہ اور بڑے پتھر جمع ہو گئے ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں اور طوفانوں کا امکان موجود ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو دریا، ندی نالوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ادھر ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
