ایران میں30 سے زائد شہری اور7 فوجی جاں بحق- امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے پانچویں روز بھی صورتحال بدستور سنگین ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق حالیہ امریکی حملوں میں جنوبی ایران میں 30 سے زائد شہری جاں بحق ہو گئے، جبکہ بمپور گیریژن پر میزائل حملے میں 7 ایرانی فوجی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور جنوبی ایران کی سلامتی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے کہا ہے کہ جنوب مشرقی ایران میں واقع بمپور گیریژن کو امریکی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں 388 ویں بریگیڈ کے سات اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ فوج کے مطابق دفاعی اقدامات کے باعث جانی نقصان مزید بڑھنے سے روکا گیا، جبکہ حملے میں فوجی تنصیبات سمیت دیگر مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق حملے میں متعدد میزائل استعمال کیے گئے، جن سے فوجی بیرکوں کو نقصان پہنچا۔ ایرانی فوج نے اس کارروائی کو جارحیت قرار دیتے ہوئے مناسب وقت پر جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
ادھر ایران کی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمانپور کے مطابق حالیہ حملوں میں 260 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 222 کو طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا۔ زخمیوں میں تین کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کے اطراف اپنی عسکری سرگرمیوں میں اضافہ کرتے ہوئے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
