امریکہ کیلئے ہاتھ سے لکھا ایرانی فٹبال ٹیم کاخط وائرل-ایرانی فٹبال ٹیم کا لاس اینجلس کے نام خصوصی پیغام، شائقین کا بھی شکریہ
ایران کی قومی فٹبال ٹیم نے بیلجیئم کے خلاف میچ برابر ہونے کے بعد لاس اینجلس میں اپنے ڈریسنگ روم میں ایک ہاتھ سے تحریر کردہ پیغام چھوڑا، جس نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔
پیغام میں ٹیم نے لاس اینجلس کے عوام اور انتظامیہ کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس شہر سے فخر، عزت اور وقار کے ساتھ رخصت ہو رہی ہے۔ کھلاڑیوں نے اپنے ملک کی تاریخی اور ثقافتی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ قدیم فارس سے لے کر جدید ایران تک ان کی قومی روح مضبوط اور ثابت قدم رہی ہے۔
ایرانی ٹیم نے اپنے پیغام میں ان شائقین کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دونوں میچز کے دوران بھرپور حمایت کی۔ ساتھ ہی دنیا بھر کے لوگوں کے درمیان امن، باہمی احترام اور دوستی کے فروغ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
واضح رہے کہ گروپ جی میں ایران کے دونوں میچ لاس اینجلس میں کھیلے گئے، جبکہ ٹیم میچوں کے درمیان اپنے میکسیکو میں قائم بیس کیمپ واپس جاتی رہی۔ دوسری جانب امریکی سفری پابندیوں کے باعث ایرانی وفد کے بعض عہدیداروں اور معاون عملے کے چند ارکان کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں مل سکی۔