ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨280.25 🇪🇺 یورو ₨321.39 🇬🇧 پاؤنڈ ₨370.73 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.73 🇦🇪 درہم ₨76.31 🇨🇳 چینی یوان ₨41.28

ایران امریکا مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل،60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق

👁️ 4 مرتبہ پڑھا گیا
ایران امریکا مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل،60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق

ایران امریکا مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل،60 روزہ روڈ میپ پر اتفاق-پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے پہلے مرحلے کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے،

جس میں دونوں ممالک نے آئندہ ساٹھ روز کے دوران ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کے لیے روڈ میپ پر اتفاق کا اعلان کیا۔

اعلامیے کے مطابق مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے اور مستقبل میں تکنیکی سطح کی بات چیت کے لیے مستقل طریقہ کار وضع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے مذاکراتی عمل کی سیاسی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ جوہری پروگرام، پابندیوں اور دیگر متنازع امور سے متعلق خصوصی ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیے جائیں گے۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے اور ممکنہ غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے براہِ راست رابطے کا نظام قائم کیا جائے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مذاکراتی عمل میں پاکستان اور قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف علاقائی معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق بعض اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد اثاثوں کی جزوی بحالی اور تعمیر و ترقی سے متعلق اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔

لبنان کی صورتحال کے حوالے سے بھی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فریقین نے ایک مشترکہ ڈی کنفلیکشن سیل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس نظام کا مقصد طے شدہ مفاہمتی اقدامات پر عمل درآمد اور کشیدگی میں کمی کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات ہفتے بھر جاری رہیں گے جبکہ پاکستان اور قطر نے آئندہ بھی سفارتی عمل میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں ممالک نے مذاکرات میں شریک فریقین اور معاون ممالک کی کوششوں کو بھی سراہا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ دوپہر ایک بجے پاکستان واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔