موٹر سائیکل والوں کو ماہانہ دو ہزار ملیں گے یا نہیں؟-موٹر سائیکل والوں کو ماہانہ دو ہزار ملیں گے یا نہیں؟- موٹر سائیکل سواروں کے لیے جاری ماہانہ سبسڈی اسکیم کے مستقبل کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اہم وضاحت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تک حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل مالکان کے لیے دی جانے والی ماہانہ دو ہزار روپے سبسڈی جاری ہے اور اس کے خاتمے سے متعلق ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس اسکیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، جبکہ اس مقصد کے لیے صوبوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
علی پرویز ملک نے امکان ظاہر کیا کہ آئندہ چند روز میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے سبسڈی اسکیم کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے، تاہم اس وقت صورتحال زیر غور ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ ریلیف اسکیم وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شروع کی تھی، جس کا مقصد موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ سے محفوظ رکھنا تھا۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 130 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا، جبکہ ایکسائز کے ڈیٹا کے مطابق اہل موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ بنیادوں پر سبسڈی کی رقم منتقل کی جاتی رہی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسکیم کے تسلسل یا خاتمے کا فیصلہ آئندہ سیاسی و معاشی مشاورت کے بعد متوقع ہے۔