جاپان کے بعد طوفان ڈولفن چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا
جاپان کے بعد طوفان ڈولفن چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا-جاپان اور چین کے مختلف علاقوں میں سمندری طوفان ڈولفن کے باعث شدید موسمی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر اور متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کے اثرات سے جاپان کے علاقے اوکی ناوا میں مختلف حادثات کے دوران 6 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
طوفان جاپان سے گزرنے کے بعد چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ گیا، جہاں کئی شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
چین کے محکمہ موسمیات نے صوبہ ژی جیانگ کے مختلف علاقوں میں طوفان کے زیر اثر 500 ملی میٹر تک بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ شنگھائی میں بھی شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خراب موسم کے باعث شنگھائی کے دو بڑے ہوائی اڈوں پر 1384 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ یانگشان بندرگاہ پر 500 سے زائد کشتیوں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو اور ہنگامی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
