بریکنگ نیوز

خلیجی ممالک میں دھماکے،کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں،ہائی الرٹ نافذ

مارچ 2, 2026 | admin
خلیجی ممالک میں دھماکے،کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں،ہائی الرٹ نافذ

خلیجی ممالک میں کشیدگی کے دوران کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اٹھنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق موقع پر فائر فائٹرز اور ایمبولینسز پہنچ گئیں۔ امریکی سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفارتخانے کا رخ نہ کریں، گھروں کی نچلی منزل پر پناہ لیں، کھڑکیوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ سفارتخانے نے خبردار کیا کہ میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

ادھر بحرین کے دارالحکومت منامہ، قطر کے دارالحکومت دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض علاقوں میں جنگی طیاروں کی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔

عراق کے خودمختار کرد خطے کے دارالحکومت اربیل میں بھی زور دار دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائی کی۔

دوسری جانب کویت سٹی کے قریب مینا الاحمدی آئل ریفائنری میں ملبہ گرنے سے دو کارکن معمولی زخمی ہوئے۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے فضائی حملے کے سائرن فعال کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ منامہ کو ملانے والا شیخ خلیفہ بن سلمان پل عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

خطے میں جاری حملوں اور جوابی کارروائیوں کے پیش نظر خلیجی ممالک میں ہائی الرٹ نافذ ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔