ایران نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے مصالحتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان بات چیت کے فروغ کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہِ مبارک صبر و تحمل اور عالمِ اسلام میں اتحاد کو مضبوط بنانے کا پیغام دیتا ہے، اس لیے موجودہ اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں استحکام اور باہمی تعاون نہ صرف متعلقہ ممالک بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ عباس عراقچی کے مطابق ایران، پاکستان اور افغانستان کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے انعقاد اور سہولت کاری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سرحدی معاملات اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تناؤ کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ایران کی جانب سے ثالثی کی یہ پیشکش خطے میں سفارتی سرگرمیوں کا اہم اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔
