بریکنگ نیوز

پاک افغان سرحد پرجھڑپیں،جوابی کارروائی میں متعدد پوسٹیں تباہ

فروری 26, 2026 | admin
پاک افغان سرحد پرجھڑپیں،جوابی کارروائی میں متعدد پوسٹیں تباہ

اسلام آباد: پاک افغان سرحد پر ایک بار پھر کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب افغان طالبان کی جانب سے مختلف سرحدی مقامات پر مبینہ طور پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد ٹھکانوں اور چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ کے سرحدی سیکٹرز میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور ردعمل دیا۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جوابی کارروائی میں مخالف جانب کی کئی پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ 22 اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق افغان جانب سے کواڈ کاپٹرز کے ذریعے پاکستانی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جسے ناکام بناتے ہوئے ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ اس کے علاوہ زمینی کارروائی کے دوران چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چترال سیکٹر میں ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر، ضلع مہمند اور ارندو سیکٹر میں بھی فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات ہیں۔ باجوڑ میں دو چوکیاں تباہ کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سرحدی دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر مختلف دعوے اور ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں جن کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔

سرحدی علاقوں میں صورتحال بدستور کشیدہ بتائی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ادارے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔