بریکنگ نیوز

وزیراعظم شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر پہنچ گئے

فروری 26, 2026 | admin
وزیراعظم شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کے گھر پہنچ گئے

مانسہرہ(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ پہنچ گئے،

وزیرِ اعظم کی شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا وزیرِ اعظم نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی،

 

شہید کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی. وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا.

 

لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے ہمت و بہادری کی اعلی مثال قائم کی،مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی،شہید کے اہل خانہ کا حکومت اور پاک فوج مکمل خیال رکھیں گے۔

 

وزیرِ اعظم نے مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش اسکول کے قیام کا بھی اعلان کیاہے۔

وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ،انجینئیر امیر مقام،سردار محمد یوسف مشیر وزیرِ اعظم رانا ثناء اللہ،کیپٹن (ر) محمد صفدر، مرتضی جاوید عباسی، شاہ جی گل آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے