بریکنگ نیوز

عمران خان کی آنکھ کا معائنہ،ماہر ڈاکٹروں کو اجازت نہ مل سکی

فروری 20, 2026 | admin

بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے معائنے سے متعلق تازہ ترین اطلاعات سامنے آئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق شوکت خانم اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے بانی پی ٹی آئی کے معائنے کے لیے تین ماہرین ریٹینا کے نام تجویز کیے تھے، لیکن ان میں سے کسی ڈاکٹر کو معائنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ڈاکٹر عاصم یوسف نے تجویز کردہ ڈاکٹروں کے نام سلمان اکرم راجہ کو فراہم کیے، جن میں الشفاء انٹرنیشنل کے ڈاکٹر عامر اعوان اور میجر جنرل ریٹائرڈ مظہر اسحاق شامل تھے، جبکہ آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف آپتھامالوجی کے سربراہ میجر جنرل وقار مظہر کا نام بھی دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ان ماہرین کے بجائے الشفاء کے ڈاکٹر ندیم قریشی کو بھیجا گیا، جن کے ساتھ پمز کے ڈاکٹر عارف بھی موجود تھے۔ بتایا گیا کہ شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو اڈیالہ جیل جانے کی اجازت نہ ملنے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی کو پہلا انجکشن 25 جنوری کو لگایا گیا تھا، جبکہ دوسرا انجکشن 25 فروری کو لگایا جانا ہے۔ ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ دوسرا انجکشن جیل میں لگایا جائے گا یا انہیں اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق ڈاکٹر ندیم قریشی کا نام ڈاکٹر عاصم یوسف سے پوچھ کر فراہم کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر عاصم یوسف نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی گزشتہ چند ہفتوں میں گھڑی کی دیوار پر لگی سوئی نہیں دیکھ سکتے تھے، لیکن گزشتہ ملاقات میں انہوں نے گھڑی کی سوئی بھی دیکھنے کی اطلاع دی، جو کہ ان کی نظر میں حوصلہ افزا بہتری کے طور پر دیکھی گئی۔