جنرل ساحر شمشاد کا برونائی دورہ-چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے برونائی کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک نے دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی دارالسلام میں سلطان برونائی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ سلطان برونائی نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔
اس دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے وزیرِ دفاع اور رائل برونائی آرمی کے کمانڈر سے بھی الگ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے موارا نیول بیس اور ڈیفنس اکیڈمی رائل برونائی آرمی کا دورہ کیا اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس کے طلبہ سمیت 19 مختلف ممالک کے افسران سے خطاب کیا۔ خطاب میں پاکستان کے علاقائی امن و استحکام میں کردار اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔
دونوں ممالک کے وفود نے عالمی و علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور جنرل ساحر شمشاد نے کہا کہ پاکستان برونائی کے ساتھ اپنے دفاعی اور عسکری تعلقات مزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔ برونائی کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے معیار اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔ دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد کی برونائی آرمی ہیڈکوارٹرز آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
