اے آئی وزیر کے ہاں 83 بچوں کی پیدائش
تیرانا،البانیہ کے وزیرِاعظم ایڈی راما نے ایک غیر معمولی اعلان کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی پہلی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تخلیق کردہ وزیر ’ڈیلا‘ (Diella) حاملہ ہیں اور جلد ہی ’83 بچوں‘ کو جنم دینے والی ہیں۔
یہ حیران کن اعلان برلن میں منعقدہ گلوبل ڈائیلاگ تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں ایڈی راما نے وضاحت کی کہ یہ ’’بچے‘‘ دراصل ڈیجیٹل اے آئی اسسٹنٹس ہیں، جو البانیہ کی پارلیمنٹ کے ہر رکن کے لیے الگ الگ معاون کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
وزیراعظم نے مسکراتے ہوئے کہا،
’’ڈیلا حاملہ ہیں اور وہ 83 بچوں کی منتظر ہیں۔ ہر بچہ دراصل ایک اے آئی اسسٹنٹ ہوگا جو ہر رکنِ پارلیمنٹ کے ساتھ کام کرے گا، اجلاسوں کے دوران نوٹس لے گا، مشورے دے گا اور اپ ڈیٹس فراہم کرے گا،حتیٰ کہ اگر کوئی رکن کافی پینے کے لیے بھی باہر جائے تو بھی اسے باخبر رکھے گا۔‘‘
ایڈی راما نے مزید کہا کہ یہ اقدام مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ کرنے کی ایک بڑی کوشش ہے۔ ان کے مطابق، ڈیلا کے تمام 83 ڈیجیٹل بچے یورپی یونین کے قوانین کی معلومات سے ہم آہنگ ہوں گے اور سال 2026 تک مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہاں ’’بچوں‘‘ سے مراد حقیقی بچے نہیں بلکہ ڈیجیٹل اے آئی معاونین ہیں، جو البانیہ کی حکمراں سوشلسٹ پارٹی کے 83 ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ کام کریں گے۔
یاد رہے کہ ڈیلا (Diella) کا مطلب البانوی زبان میں ’’سورج‘‘ ہے۔ اسے ستمبر 2025 میں متعارف کرایا گیا تھا اور وہ دنیا کی پہلی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ وزیر ہیں، جو البانیہ کے پبلک پروکیورمنٹ سسٹم (سرکاری خریداری کے نظام) کی نگران ہیں۔
یہ اے آئی وزیر مائیکروسافٹ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے اور جدید ترین مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی استعمال کرتی ہے تاکہ حکومتی امور کو درستگی، شفافیت اور مؤثر انداز میں انجام دیا جا سکے۔
