سرکاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے درابوکچ کے علاقے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا تھا۔ کارروائی مکمل کرکے واپس جانے والی پولیس پارٹی کو جرائم پیشہ عناصر کی معاونت سے فتنہ الخوارج کے حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا اور جوابی کارروائی میں 18 خوارج کو ہلاک کردیا، تاہم اس دوران ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار جانوں کا نذرانہ پیش کرگئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کے درمیان روابط اور پولیس ٹیم پر مشترکہ حملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں گروہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
سرکاری مؤقف کے مطابق فتنہ الخوارج کے عناصر جرائم پیشہ مافیاز کے ساتھ مل کر اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں بیرونی پشت پناہی بھی حاصل ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق خیبرپختونخوا، بالخصوص ضلع کوہاٹ سے تھا۔ حکام نے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔





