کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں،محسن نقوی
کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں،محسن نقوی
کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں،محسن نقوی-وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں احتجاج اور لانگ مارچ کی کال کے تناظر میں کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان خراب کرنے یا شہریوں کے معمولات متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کسی کو بھی وفاقی دارالحکومت میں سڑکیں یا دیگر عوامی مقامات بند کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے تفصیلی اجلاس ہوچکا ہے اور سیکیورٹی اداروں کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ان کے مطابق کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر کوئی غیرقانونی طور پر اسلام آباد میں داخل ہونے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرے تو اسے روکا جائے گا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کی احتجاجی تیاریوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو اپنے صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام پر بھی اسی طرح توجہ دینی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ماضی کے احتجاجی واقعات میں سیکیورٹی اہلکاروں کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب سیکیورٹی اہلکاروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ان پر حملہ کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ احتجاج کرنا ہے تو اپنے شہروں اور علاقوں میں کیا جائے اور اسلام آباد میں ایسے اجتماعات سے گریز کیا جائے جن سے شہریوں کی آمدورفت اور معمولات زندگی متاثر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جلسے، جلوس اور مسلح یا پرتشدد جتھوں میں فرق ہوتا ہے، اگر کسی احتجاج کے دوران کوئی جانی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری ان افراد پر عائد ہوگی جو لوگوں کو اکٹھا کرنے اور احتجاج کی قیادت کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔
عمران خان کی صحت سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کے علاج کے حوالے سے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مزید فیصلے عدالت کے دائرہ اختیار میں ہیں۔
اسلام آباد میں کنٹینرز کی تنصیب سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کنٹینرز لگانے کے حق میں نہیں، تاہم سیکیورٹی اداروں کی جانب سے خدشات سامنے آنے کی صورت میں حفاظتی اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ سیکیورٹی انتظامات کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد سمیت ملک بھر میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ پارٹی کے مطابق احتجاج کے مطالبات میں عمران خان اور ان کی اہلیہ سے متعلق مقدمات کی سماعت مقرر کرنا، عمران خان سے وکلا، ڈاکٹروں، اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں بحال کرنا اور علاج کے لیے ان کے ذاتی معالج و اہل خانہ کی موجودگی یقینی بنانا شامل ہے۔
