مدینہ پاور اسٹیشن پر حملہ،پاکستان کی شدید مذمت

مدینہ پاور اسٹیشن پر حملہ،پاکستان کی شدید مذمت-شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ایک سنگین اشتعال انگیزی ہے

مدینہ پاور اسٹیشن پر حملہ،پاکستان کی شدید مذمت-شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ایک سنگین اشتعال انگیزی ہے، جس سے دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں میں تشویش اور دکھ پایا جاتا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ

پاکستان نے مدینہ منورہ میں طیبہ پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق 29 ستمبر 2026 کو مدینہ منورہ میں شہری بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر ہونے والے حملے کو پاکستان نے انتہائی تشویشناک قرار دیا۔ یہ پاور اسٹیشن مسجد نبوی کو بجلی فراہم کرنے والے نظام کا حصہ ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ایک سنگین اشتعال انگیزی ہے، جس سے دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں میں تشویش اور دکھ پایا جاتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ حرمین شریفین کے تقدس کے ساتھ ساتھ عبادت گزاروں اور زائرین کی سلامتی کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہیے۔ پاکستان نے ایسے اقدامات کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ بھی کیا جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ اور زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کی سعودی کوششوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاکستان نے مزید کہا کہ وہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی سفارتی اور دیگر ممکنہ کوششیں جاری رکھے گا۔