محسن رضائی کی امارات کو تنبیہ،نیتن یاہو کی میزبانی پر سخت ردعمل
محسن رضائی کی امارات کو تنبیہ،نیتن یاہو کی میزبانی پر سخت ردعمل
محسن رضائی کی امارات کو تنبیہ،نیتن یاہو کی میزبانی پر سخت ردعمل-ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی متحدہ عرب امارات میں میزبانی پر اماراتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
محسن رضائی نے عربی زبان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں متحدہ عرب امارات کا نام لیے بغیر کہا کہ جس طرح امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی سے سکیورٹی کی ضمانت نہیں ملتی، اسی طرح اسرائیلی وزیراعظم کی میزبانی بھی اچھے نتائج نہیں لائے گی۔
انہوں نے خطے میں حالیہ جنگ سے سبق سیکھنے، کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والی پالیسیوں سے گریز کرنے اور ایرانی جزائر سے متعلق دعووں کو دہرانے سے اجتناب کرنے پر زور دیا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے رواں ہفتے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد ایرانی حکام کی جانب سے اماراتی حکومت پر تنقید سامنے آئی۔
اسی دوران متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ میں ایران پر تین جزائر پر قبضے کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنے مؤقف کو ایک بار پھر دہرایا ہے، جبکہ ایران ان جزائر پر اپنی خودمختاری کا دعویٰ کرتا ہے۔
حالیہ عرصے میں ایران اور متحدہ عرب امارات کے درمیان علاقائی اور سکیورٹی معاملات پر اختلافات برقرار رہے ہیں، خصوصاً ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
