لانگ مارچ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کا عمل شروع

لانگ مارچ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کا عمل شروع-مذاکرات میں تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا تھا، جس کے بعد مذاکرات کامیاب اختتام کو پہنچے۔

لانگ مارچ ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کا عمل شروع-اسلام آباد: وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان لانگ مارچ ختم کرنے کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے کا مسودہ حتمی شکل اختیار کرگیا، جس کے بعد معاہدے کی دستاویز پر دستخط کا عمل شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ میں اسپیکر ایاز صادق کے چیمبر میں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں تمام اہم معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا تھا، جس کے بعد مذاکرات کامیاب اختتام کو پہنچے۔

مذاکرات میں طے پانے والے نکات کو بعد ازاں تحریری معاہدے کی شکل دی گئی اور معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسودہ مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اس کی نقل لے کر ایوان صدر پہنچے، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے معاہدے کے مسودے پر اپنی رائے دی، جبکہ لاہور میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹیلی فون کے ذریعے مشاورت میں شرکت کی۔

صدر مملکت اور وزیراعظم سے مشاورت کے بعد محسن نقوی دوبارہ پارلیمنٹ پہنچے، جہاں مذاکرات میں شریک تمام فریقین کے نمائندوں کی کمیٹی روم میں مختصر نشست ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اب حکومت اور اپوزیشن کے نمائندے ایک بار پھر اسپیکر ایاز صادق کے چیمبر پہنچ گئے ہیں، جہاں معاہدے کی دستاویز پر دستخط کا عمل جاری ہے۔

معاہدے پر دستخط مکمل ہونے کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات اور طے پانے والے نکات کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیے جانے کا امکان ہے۔