فلائی دبئی واقعہ،ایران ملوث ہوا تو سخت کارروائی ہوگی:ٹرمپ

فلائی دبئی واقعہ،ایران ملوث ہوا تو سخت کارروائی ہوگی:ٹرمپ-ایک منصفانہ معاہدہ کرنا ہوگا یا پھر اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات میں ایران کا تعلق ثابت ہوا تو تہران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 

فلائی دبئی کی دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں مبینہ طور پر کو پائلٹ نے دورانِ پرواز کپتان پر حملہ کیا، جس کے بعد طیارے کی پرواز خطرناک حد تک متاثر ہوئی۔ مسافروں اور عملے کی مداخلت سے صورتحال پر قابو پایا گیا اور طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی طور پر اتارا گیا۔

صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں واقعے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے اور دستیاب معلومات کی بنیاد پر کو پائلٹ کے ایران سے ممکنہ تعلق کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ آیا ایرانی پاسداران انقلاب نے کو پائلٹ کو بھیجا تھا یا وہ خود کسی شدت پسندانہ نظریے سے متاثر ہوا، تو امریکی صدر نے اس امکان کو خارج نہیں کیا۔

تاہم واقعے میں ایران کے ملوث ہونے کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی اور تحقیقات جاری ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی کہا ہے کہ اس مرحلے پر کو پائلٹ کے ایران سے تعلق کے بارے میں حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہے۔

ٹرمپ نے ایران اور عالمی تیل کی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ ایران سے متعلق معاملہ ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔ انہوں نے آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کے بارے میں بھی دعویٰ کیا کہ موجودہ صورتحال میں جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل منتقل کیا جا رہا ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو یا تو ایک منصفانہ معاہدہ کرنا ہوگا یا پھر اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔