عمران خان کی بہنوں اور بھانجوں کی گرفتاری،کریک ڈاؤن جاری
عمران خان کی بہنوں اور بھانجوں کی گرفتاری،کریک ڈاؤن جاری
عمران خان کی بہنوں اور بھانجوں کی گرفتاری،کریک ڈاؤن جاری-پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے اہلخانہ کے خلاف گرفتاریوں اور حراست کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ 27 ستمبر کے احتجاج کے اعلان کے بعد لاہور میں پولیس کارروائیوں میں بھی تیزی دیکھی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی بہن نورین نیازی کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ اسی دوران عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور خاندان کے دیگر افراد کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کے دونوں بیٹوں شیرشاہ اور شاہ ریز کو بھی پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ تاہم ان گرفتاریوں سے متعلق پولیس کی جانب سے مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔
اس سے قبل عمران خان کی بہن علیمہ خان کو لاہور میں حراست میں لیا گیا تھا۔ لاہور کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم کے تحت انہیں 30 روز کے لیے مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت حراست میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق علیمہ خان کو ان کی رہائش گاہ سے روانگی کے دوران پولیس نے حراست میں لیا، جبکہ ان کی گاڑی کو لٹن روڈ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق حراست کا مقصد امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے۔
دوسری جانب نورین نیازی کی بیٹی ہاجرہ نیازی اور ان کے شوہر کو بھی پولیس نے ناکے پر روک کر کچھ دیر حراست میں رکھا، تاہم بعد ازاں دونوں کو رہا کردیا گیا۔
یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پارٹی کی جانب سے عمران خان کی رہائی سمیت دیگر سیاسی مطالبات کے لیے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
