دستاویزات کی تصدیق میں بے ضابطگیاں، 16 گرفتار
اسلام آباد میں دستاویزات کی تصدیق میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے 16 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت پاکستان میں متعدد کنسلٹنسی اور کوریئر دفاتر پر چھاپے مارے۔ ان چھاپوں کے دوران مبینہ طور پر جعلی اپوسٹل اسٹیکرز، سرکاری مہریں اور دستاویزات کی تیاری، ترسیل اور استعمال کے ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا گیا۔
کارروائی کے نتیجے میں اس جعلسازی کے نیٹ ورک میں ملوث 16 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن کا تعلق مختلف کنسلٹنسی اور کوریئر کمپنیوں سے ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ گروہ وزارت خارجہ کے دستاویزات کے تصدیقی نظام میں سنگین بے ضابطگیاں کرنے میں ملوث تھا۔
تحقیقاتی اداروں کو شبہ ہے کہ اس غیر قانونی نیٹ ورک میں دفتر خارجہ کے بعض اہلکار بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے وزارت خارجہ کے چھ عہدیداروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس اسکینڈل میں مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔
