خیبرپختونخوا،سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،37دہشت گرد ہلاک

20 ستمبر کو کوہاٹ اور ہنگو اضلاع میں کیے گئے گراؤنڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے وابستہ 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

خیبرپختونخوا،سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،37دہشت گرد ہلاک-خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 37 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہاٹ، ہنگو اور ٹل کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور مبینہ محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق 20 ستمبر کو کوہاٹ اور ہنگو اضلاع میں کیے گئے گراؤنڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج سے وابستہ 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے ملحقہ سرحدی علاقے میں بھی دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران 3 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں خودکش حملہ آوروں کی تربیت کا مرکز بھی شامل تھا۔

کارروائی میں متعدد خودکش بمباروں سمیت 28 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں میں موجود اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی تباہ کردیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران شہریوں اور غیر متعلقہ افراد کو نقصان سے بچانے کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں اور دہشت گردوں کے مخصوص مراکز کو ہی نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم شہریوں کے جان و مال کا تحفظ سیکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح ہے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔