ایران کی معاشی اور عسکری صورتحال انتہائی خراب ہے:ٹرمپ

ایرانی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور وہ اپنے سکیورٹی اہلکاروں اور فوجیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی کی صلاحیت کھو رہی ہے

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوابی حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ایرانی حکومت کی صلاحیت اور ملک کی معاشی صورتحال پر شدید تنقید کی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے دوران ایران کی عسکری اور معاشی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے۔ ان کے بقول ایران اپنی بحری اور فضائی طاقت کے حوالے سے شدید نقصان اٹھا چکا ہے جبکہ ملک کی معیشت بھی مشکلات سے دوچار ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور وہ اپنے سکیورٹی اہلکاروں اور فوجیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی کی صلاحیت کھو رہی ہے۔ ٹرمپ نے ایران میں مہنگائی کی شرح 300 فیصد تک پہنچنے کا دعویٰ بھی کیا، تاہم اس حوالے سے کوئی مستند اعداد و شمار یا تفصیلی حوالہ پیش نہیں کیا۔

ٹرمپ کے مطابق ایران کی قیادت اندرونی انتشار کا شکار ہے اور وہ ملک کی مؤثر نمائندگی کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہی۔ دوسری جانب بعض ایرانی میڈیا رپورٹس نے امریکی صدر کے معاشی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

امریکی صدر کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں ایرانی جزیرے لارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے دو راکٹ لانچرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

امریکی فوج کے مطابق ایرانی فورسز آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی تیاری کر رہی تھیں، جسے واشنگٹن نے عالمی تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ قرار دیا۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان کا دعویٰ کیا اور جوابی کارروائی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد ایران کی جانب سے اردن میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ سامنے آیا۔

تاہم اردن نے ایرانی حملوں سے متعلق بڑے پیمانے پر امریکی نقصان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کی فضائی دفاعی فورسز نے آنے والے 8 میزائلوں کو روک لیا۔

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، جبکہ عالمی توانائی منڈی پر بھی اس صورتحال کے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes