روزانہ صرف 60 سیڑھیاں،دل کی بیماری سے بچاؤ میں اہم کردار
روزانہ صرف 60 سیڑھیاں،دل کی بیماری سے بچاؤ میں اہم کردار
روزانہ صرف 60 سیڑھیاں،دل کی بیماری سے بچاؤ میں اہم کردار-روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمی شامل کرنے کا ایک آسان طریقہ دل کی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
ایک نئی تحقیقی جائزے کے مطابق باقاعدگی سے سیڑھیاں چڑھنے والے افراد میں دل کی بیماری کے باعث موت کا خطرہ سیڑھیاں استعمال نہ کرنے والوں کے مقابلے میں 39 فیصد تک کم دیکھا گیا۔
برطانیہ کی یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا سے وابستہ محققین نے سیڑھیاں چڑھنے اور صحت کے درمیان تعلق جانچنے کے لیے 9 مختلف مطالعات کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ ان تحقیقات میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد شامل تھے۔
تحقیق کے دوران باقاعدگی سے سیڑھیاں استعمال کرنے والے افراد کی صحت کا دیگر افراد کے ساتھ موازنہ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے کی عادت رکھنے والوں میں دل کی بیماری سے موت کا امکان نمایاں طور پر کم تھا۔
محققین نے یہ بھی پایا کہ سیڑھیاں استعمال کرنے والے افراد میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ لفٹ یا ایسکلیٹر کو ترجیح دینے والوں کے مقابلے میں تقریباً 24 فیصد کم تھا۔ تحقیق میں شامل افراد کا اوسطاً 14 سال تک جائزہ لیا گیا۔
ماہرین کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے کے لیے جم کی رکنیت یا کسی خاص سامان کی ضرورت نہیں ہوتی، اس لیے اسے روزمرہ معمول میں نسبتاً آسانی سے شامل کیا جاسکتا ہے۔ گھر، دفتر یا دیگر مقامات پر لفٹ کے بجائے سیڑھیوں کا انتخاب جسمانی سرگرمی کا ایک مختصر مگر مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے جسم کے پٹھوں کو عام چہل قدمی کے مقابلے میں زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے۔ اس دوران توانائی کا استعمال بڑھتا ہے اور دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے، جس سے جسم کے مختلف حصوں تک آکسیجن کی فراہمی بڑھ جاتی ہے۔
تحقیقی جائزے میں شامل مختلف مطالعات میں سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کو مختلف طریقوں سے جانچا گیا۔ کہیں شرکا سے پوچھا گیا کہ وہ بغیر رکے کتنی منزلیں طے کرسکتے ہیں، جبکہ بعض تحقیقات میں مخصوص مدت کے دوران چڑھی جانے والی منزلوں کی تعداد کا جائزہ لیا گیا۔
ایک بڑے تجزیے کے مطابق روزانہ تقریباً چھ منزلیں، یعنی لگ بھگ 60 سیڑھیاں چڑھنا، دل کی صحت کے لیے ممکنہ طور پر فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ تاہم محققین نے واضح کیا ہے کہ صحت کے فوائد حاصل کرنے کے لیے روزانہ سیڑھیاں چڑھنے کی کوئی حتمی تعداد ابھی طے نہیں کی جاسکی اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ماہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے صرف ایک سرگرمی پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ تمباکو نوشی سے پرہیز، متوازن غذا، صحت مند وزن برقرار رکھنا، کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنا اور مجموعی طور پر جسمانی سرگرمی کو معمول بنانا اہم عوامل ہیں۔
تحقیق کی سربراہ ڈاکٹر واسیلیوس واسیلیو کے مطابق سیڑھیاں چڑھنا روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمی شامل کرنے کا ایک آسان اور اکثر نظر انداز کیا جانے والا طریقہ ہے، جو دل کی صحت بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ تحقیق میں سیڑھیاں چڑھنے اور بہتر صحت کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے، تاہم اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ صرف سیڑھیاں چڑھنا ہی دل کی بیماری سے موت کے خطرے میں کمی کی واحد وجہ ہے۔
